موسم

یوم اساتذہ منانے کا بنیادی مقصد معاشرے میں اساتذہ کے عظیم الشان کردار کو اجاگر کرنا ہے،دردانہ صدیقی

اساتذہ کسی بھی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں ۔دنیا کی تمام تر ترقی اور علم کی چمک اساتذہ ہی کی مرہون منت ہے۔ایک بہترین استاد کا یہ نصب العین ہونا چاہیے کہ وہ ہر مقام پر اپنے شاگردوں کی حوصلہ افزائی کرے اور ان کے کردار میں مثبت سوچ پیدا کرے۔ یوم اساتذہ منانے کا اہم اور بنیادی مقصد معاشرے میں اساتذہ کے عظیم الشان کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 5 اکتوبر یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو نئی نسل کی تعمیر و ترقی، معاشرے کی فلاح و بہبود، انسانیت کی نشونما اور افراد کی تربیت سازی کی وجہ سے معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔نئی نسلوں کو سنوارنے اور انہیں قوم و ملت کی خدمت کے قابل بنانے میں استاد کی بہترین کارکردگی، لگن اور محنت کار فرما ہوتی ہے۔ استاد کی دی ہوئی تعلیم کو گرہ میں باندھنے والے یقیناً کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ دنیا ئے علم نے استاد کی حقیقی قدر و منزلت کو کبھی اس طرح اجاگر نہیں کیا جس طرح اسلام نے استاد کے بلند مرتبہ و حیثیت کو بیان کیا ہے ،رسالت مآب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد انما بعث معلم (مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے) استاد کی عظمت کی واضح دلیل ہے ، یہی وجہ ہے کہ اسلام میں استاد کو روحانی باپ کا درجہ دیا گیا ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج بھی استاد اور طالب علم کے باوقار رشتے کو مضبوط سے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم دوبارہ تاریخ میں ابن تیمیہ رح، ابن قیم رح، علامہ اقبال، مولانا محمد علی جوہر اور مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رح جیسی شخصیات پیدا کر سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button