راولپنڈی: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فورسز پر فائرنگ سے 4 جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی ہے، سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔ شہدا میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمٰن شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 4 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا تھا۔
دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں نائب صوبیدار امین اللہ اور سپاہی شیر زمین شہید جبکہ 4 جوان زخمی ہوگئے تھے۔