لاہور: توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیا گیا۔توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد پولیس کی نفری لاہور میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی، پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر کے لے گئی ہے۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ابتدائی طور پر کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جا سکتا ہے اس کے بعد انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ادھر لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی رہائشگاہ کی طرف جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
عدالت کا فیصلہ
قبل ازیں جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں، ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا، قابل سماعت ہونے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 3 سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، اگر ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہو گی۔


