پیرس اولمپکس کے دوسرے روز مزید 13 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگیا، پوائنٹس ٹنل پر جاپان 4 گولڈ میڈلز سمیت 7 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے، میڈل ٹیبل پر اب تک 22 ممالک اپنے کھاتہ کھول چکے ہیں۔پیرس اولمپکس میں دو دن تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد جاپان 4 گولڈ، 2 سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، آسٹریلیا کے پاس 4 گولڈ اور 2 سلور میڈلز ہیں، وہ مجموعی طور پر 6 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ یو ایس اے کے کل تمغوں کی تعداد 12 ہے لیکن گولڈ میڈلز کی تعداد 3 ہے جس کی وجہ سے وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکی کھلاڑی 6 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے بھی جیت چکے ہیں۔فرانس کے پاس 3 طلائی، 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے ہیں جبکہ کوریا کے پاس 3 طلائی، 2 چاندی اور 1 کانسی کا تمغہ ہے، چین نے 3 طلائی تمغوں کے علاوہ 1 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔



