اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی ریاست راجستھان میں انتہا پسندوں کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسند مقامی سیکیورٹی حکام کی ملی بھگت سے واقعے میں ملوث تھے۔ ریاستی مشینری کی بے حسی بھی اتنی ہی تشویشناک ہے جس نے غیر ارادی طور پر دوسری طرف دیکھا اور اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اپنے بنیادی فرض میں ناکام رہی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے ہندوستان میں اقلیتیں بالخصوص مسلمان خوف و ہراس میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ حالیہ تاریخ تکلیف دہ واقعات سے بھری پڑی ہے جو موجودہ بھارتی حکومت کی مسلمانوں کے خلاف گہری دشمنی کی عکاسی کرتی ہے۔ بی جے پی قیادت کی خاموشی اور ہندوتوا کے حامیوں کے خلاف قابل فہم کارروائی کی عدم موجودگی کو عالمی برادری میں خطرے کی گھنٹی بجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی-آر ایس ایس کے کارکنوں نے مسلمانوں کے خلاف اپنی دشمنی پر باز آنے کے بجائے مظالم کو مزید تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ اتوار کو ہریدوار کے بدنام زمانہ پجاری یتی نرسنگھن نے ایک بار پھر ڈھٹائی سے ہندوؤں سے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اپیل کی۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں بھارت میں اسلامو فوبیا کی تشویشناک سطح کا فوری نوٹس لے اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے بھارتی حکام پر زور دے اور تمام اقلیتوں کے تحفظ، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
0 0 1 minute read