اسلام آباد: پاکستان نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے احتجاجی مراسلہ تھمایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت نے گذشتہ روز لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 50سالہ خاتون شہید جبکہ بچےاور خاتون سمیت 4افراد شدید زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل سول آبادی کونشانہ بنایاجارہاہے، بھارت رواں سال 3012بارجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے جبکہ بھارتی فائرنگ سےرواں سال 28شہادتیں اور 253افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج کا شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارتی خلاف ورزیاں کسی سنگین اسٹریٹیجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔
زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے، بھارت ایل او سی پر معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔