شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم سیریز اسٹار وارز کے مختلف کرداروں پر الگ الگ سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، اب فلم کے ایک اور کردار بوبا فیٹ پر بھی سیریز بنانے کا اعلان کردیا گیا۔
ہالی وڈ کے زیادہ تر سائنس فکشن و فینٹسی فلموں کے کرداروں پر متعدد فلمیں، ویب سیریز، ڈرامے اور ویڈیو گیمز بنائی جاتی ہیں، ساتھ ہی ان پر الگ کتابیں بھی لکھی جاتی ہیں۔ معروف سیریز ہیری پوٹر اور گیم آف تھرونز سمیت اسٹار وارز فلم سیریز کے کرداروں پر بھی فلمیں اور ٹی وی سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسٹار وارز فرنچائز نے سنہ 2019 میں معروف کردار یوڈا پر خصوصی سیریز دی مینڈالورین بنائی تھی، جس میں 1973 میں ریلیز کی گئی پہلی فلم کے کردار کے چھوٹے بچے یعنی بے بی یوڈا کو دکھایا گیا تھا۔
اب اسٹار وارز فرنچائز نے اعلان کیا کہ فلم کے ایک اور کردار بوبا فیٹ پر بھی سیریز بنائی جائے گی۔ اسٹار وارز سیریز کی پہلی فلموں میں دکھائے جانے والے روبوٹک ولن کردار بوبا فیٹ کے تخلیق کار نے تصدیق کی ہے کہ اسی کردار پر اب سیریز بنائی جائیں گی۔
جون فیوریو کے مطابق اس کردار پر بنائی گئی سیریز کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔
فی الحال بوبا فیٹ کے کردار پر بنائی جانے والی سیریز کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس کو کون سا اداکار ادا کرے گا۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں بوبا فیٹ کے کردار کرنے والے اداکار کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور ساتھ ہی دیگر کاسٹ اور سیریز کا نام بھی بتا دیا جائے گا۔