لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے پر تحریری حکم جاری کردیا۔
علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے پر تحریری فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج امتیاز احمدنے جاری کیا۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے شہادت مکمل کرنے کے لیے میشاشفیع کی گواہ عفت عمرکو دوبارہ طلب کیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت گلوکارہ میشاشفیع کے 6 گواہوں کے بیانات قلمبندکرچکی ہے۔
واضح ہے کہ گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراسانی کے الزام میں ایک ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔
رواں برس اپریل میں میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔
میشا شفیع کا کہنا تھا کہ یہ واقعات اُس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں بلکہ یہ سب اُس وقت ہوا جب وہ اپنا نام بنا چکی تھیں۔
میشا شفیع کا کہنا تھا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
بعدازاں علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے پر میشا شفیع سے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو ہفتوں میں معافی مانگیں ورنہ 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔