اسلام آباد ( ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے اسلام آباد کے دو بڑے کاروباری مراکز بلیو ایریا اور ایف ٹین مرکز کا مشترکہ دورہ کیا تا کہ ان مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے اور تاجروں کے مسائل حل کیلئے اصلاحی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، بلیو ایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوت، ایف ٹین مرکز کی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر احمد خان، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران راجہ حسن اختر اور علی اکرم خان، سابق سینئر نائب صدر طاہر عباسی، ملک صغیر احمد، سی ڈی اے کے مختلف محکموں کے افسران اور تاجر برادری کے ممبران کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
سردار یاسر الیاس خان اور عامر علی احمد نے دونوں مارکیٹوں کے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور تاجروں سے ترقیاتی کاموں کی ضرورت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مارکیٹوں کو خوبصورت بنانے اور ان کی بہتر ترقی کے لئے مختلف مسائل کی نشاندہی کی جن میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت، گٹروں پر ڈھکن لگانا، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، درختوں کی کانٹ چھانٹ، تجاوزات کا خاتمہ اور ٹوٹے ہوئے جنگلوں کی مرمت وغیرہ شامل ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد چیمبر کی قیادت کے ساتھ مل کر مختلف مارکیٹوں کا دورہ کر رہے ہیں جو قابل ستائش ہے کیونکہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مارکیٹوں کی بہتر ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کیا کہ پارکنگ کی سہولت کے فقدان کی وجہ سے بلیو ایریا اور ایف ٹین مرکز کے تاجروں کو کافی مشکلات درپیش ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے جلد ہی پارکنگ پلاٹوں کی نیلامی کرے تا کہ بی او ٹی کی بنیاد پر پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں جس سے سی ڈی اے کا ریونیو بہتر ہو گا اور تاجر برادری کے پارکنگ مسائل بھی بہتر حل ہوں گے۔ انہوں نے بلیو ایریا اور ایف ٹین مرکز کے تاجروں کو بھی بتایا کہ چیمبر شہر کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کی بہتر ترقی یقینی بنانے کے لئے سی ڈی اے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تا کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مارکیٹوں کی ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے صدور کے تعاون سے ایک ثالثی کمیٹی تشکیل دینے کی کوشش کرے گا جو تاجروں اور سی ڈی اے کے ساتھ مل کر مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے کام کرے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے بلیو ایریا اور ایف ٹین مرکز کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نے مارکیٹوں کی حالت کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹ کی بحالی، سیوریج اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے سمیت متعدد ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ملٹی اسٹوری کار پارکنگ تعمیر کے لئے مارکیٹوں میں پلاٹوں کی نشاندہی کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ترقیاتی کام اس وقت جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں تاجروں کو شہر میں مزید بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ چیمبر کے تعاون سے تمام مارکیٹوں کے ترقیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشش جاری رکھیں گے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیاں بہتر فروغ پاسکیں۔
چیمبر کے سردار یاسر الیاس خان اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے مارکیٹوں کا مشترکہ دورہ کر کے ایک نیا ٹرینڈ سیٹ کیا ہے تا کہ تاجر برادری کے مسائل جلد حل کئے جائیں۔ ان دونوں کا مارکیٹوں کا یہ تیسر ا مشترکہ دورہ تھا۔ اس سے پہلے وہ سپر مارکیٹ، جناح سپر، رانا مارکیٹ، فاروقیہ مارکیٹ، میلوڈی مارکیٹ اور آبپارہ مارکیٹ کا دورہ کر چکے ہیں۔دونوں اسلام آباد کی مزید مارکیٹوں کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تا کہ مارکیٹوں کو بہتر طور پر ترقی دی جائے جس سے اسلام آباد خطے میں کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔