کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے حکومت کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1روپے 95پیسے اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ماضی کو چھوڑ کر حکومت حال کی بات کرے حکومت اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم ان سے جینے کا حق نہ چھینے،یہ بات انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پیٹرول، ادویات، اشیاء خورونوش، گیس کے بعد اب حکومت نے بجلی بھی مہنگی کردی ہے جو لوگ اپوزیشن میں ہوتے ہوئے مہنگائی کرنے کو مافیا کے ساتھ ملے ہونے کو تشبیح دیا کرتے تھے وہ بتائیں کہ آج جب انکی حکومت میں مہنگائی کی شرح 200فیصد تک بڑھ گئی ہے اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خود ایک مافیا ہے جو رفتہ رفتہ عوام سے جینا کا حق چھین رہی ہے مسلم لیگ(ن) ایسا کسی صورت ہونے نہیں دیگی انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی چھپانے اور آئی ایم ایف کے دباؤ میں کئے جانے والے فیصلوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ماضی کی حکومتوں پر ڈھائی سال بعد الزامات لگا رہی ہے کوئی بھی ذی الشعور انسان یہ تصور نہیں کرسکتا کہ ایک حکومت کے جانے کے ڈھائی سال بعد چیزوں کی قیمتیں بڑھیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک اور عوام کو آئی ایم ایف اور مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے عوام بد ترین مہنگائی میں جینے پر مجبور ہیں لوگوں کے گھروں میں فاقے ہورہے ہیں ایسی صورتحال میں مسلم لیگ(ن) عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی اور انکی آواز بن کر نااہل حکومت کے ہر عوام دشمن فیصلے کی بھر پور مخالفت جار ی رکھے گی
0 0 1 minute read