اہم خبر

اے پی پی اردو نیوز سروس سٹی—نمز ۔۔۔ ۔قومی ادارہ صحت نمز اور قومی ادارہ صحت کے مابین طبی علوم کے فروغ میں تحقیقی تعاون کو مستحکم کرنے کے 5سالہ تعاون کی مفاہمتی دستاویز پر دستخط

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سا ئنسز( نمز) اور قومی ادارہ صحت کے مابین طبی علوم کے فروغ میں تحقیقی تعاون کو مستحکم کرنے کے 5سالہ تعاون کی مفاہمتی دستاویز پر دستخط کئے گئے ہیں ، مفاہمتی دستاویز پر نمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سید محمد عمران مجید اور این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل(ر) عامر اکرام نے دستخط کئے ۔ اس سلسلے میں نمز یونیورسٹی میں ایک سادہ اور پروقا ر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پرو وائس چانسلر اکیڈیمزمیجر جنرل (ر) سلیم احمد خان اور پرو وائس چانسلر ایڈمن میجر جنر ل (ر) سید رضا ہمدانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مفاہمتی دستاویز کے مطابق دونوں قومی اداروں نے تحقیق کے فروغ کے لئے مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے سلسلے میں فیکلٹی ، سائنسدانوں اور ماہرین کے تبادلوں کی سہولت پر اتفاق کیا ہے ۔اس اقدام کے ذریعے تربیت ، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے ساتھ ساتھ دونوں قومی اداروں کے درمیان سائنسی علوم کی کتب، جرائد اور دیگر متعلقہ تکنیکی مواد کا تبادلہ بھی کیا جائے گا جو نمز اور این آئی ایچ کی پالیسیوں کے مطابق ہو گا ۔ دونوں اطراف نے اس پروگرام پر عملدرآمد اور سالانہ پراگریس رپورٹ مرتب کرنے کے عمل کی نگرانی کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ اس موقع پر منعقد ہ تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے نمز کے وائس چانسلر نے کہاکہ قومی ادارہ صحت نے صحت کے شعبے میں ایک کلیدی کردار ادا کیا اور وبا کے تباہ کن اثرات کے پیش نظر صحت کے شعبہ کو فروغ دینے کو اولین ترجیح بنائے رکھا اور ہر شعبہ اب این آئی ایچ پر انحصار کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ مفاہمتی دستاویز بہت اہمیت کی حامل ہے ، نمز یونیورسٹی نے ملک میں صحت کے شعبہ پر تعلیم ، تحقیق اور جدت کا بیڑہ اٹھایا ہے تاکہ یونیورسٹی کے ذریعے بنیادی صحت کے نظام کو بتدریج فروغ دیا جاسکے ۔ مفاہمتی دستاویز پر دستخط کے بعد میجر جنرل (ر) عامر اکرام نے کہا کہ یہ دستاویز دونوں اداروں کو مل کر کام کرنے اور مربوط انداز میں اطلاق کا موقع فراہم کرے گی جس سے طبی تحقیق کے شعبوں میں کوششوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ میری بھرپور توجہ رہی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر مل کر کام کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تحقیق سے استفادہ کریں تاکہ اس کے اثرات ملک کے میڈیکل اور کلینیکل شعبوں پر مرتب ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ این آئی ایچ کو بین الاقوامی سطح کے معیارات کے ہم پلہ بنا نے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لارہے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button