راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کا پنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن جاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ چار فروری کو کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کا بھرپور پریکٹس سیشن جاری ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بولنگ اور بیٹنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ پریکٹس کی جبکہ قومی ٹیم کے اسکواڈ نے فیلڈنگ اور بولنگ پر بھرپور توجہ دی، دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن دن ایک بجے تک جاری رہے گا۔
پریکٹس سیشن کے بعد قومی کرکٹر فہیم اشرف ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 4 فروری کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میزبان پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
گذشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم نے مشکل صورت حال میں فائٹ کیا، راولپنڈی میں کنڈیشنز تھوڑی تبدیل ہوں گی، کوشش یہی ہوگی کہ غلطیوں کونہ دہرائیں، جنوبی افریقا بہترین ٹیم ہے اور فائٹ بیک کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش یہی ہوگی راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز جیتیں، نیوزی لینڈ سیریز ہارنے کے بعد جو باتیں ہورہی ہیں اس سےغرض نہیں، پوری توجہ ٹیسٹ میچ پر ہے، حارث رؤف بہت اچھی بولنگ کر رہے ہیں، فرسٹ کلاس میں راولپنڈی کی پچ کافی گرین ہوتی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ جو بن رہی اسے دھوپ لگ رہی ہے۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ شاہین شاہ پر ہرگز پریشر نہیں ڈال رہے، محمد حفیظ کی فارم بہت اچھی ہے، ٹیم میں نہ ہونا فرق ڈالے گا، محمد حفیظ کو یاد کریں گے لیکن یہ کسی اور کے لیے بھی ایک موقع ہے، کوشش ہے ہر کھلاڑی کو مکمل موقع دیا جائے، تمام کھلاڑی تیار ہیں اگلے میچ میں اچھا پرفارم کریں گے۔