کراچی: نامور پاکستانی گلوکار و اداکار اور میوزک کمپوزر علی ظفر نے کے ٹو مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والی پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو انوکھے انداز سے خراج تحسین پیش کیا۔
علی ظفر نے معروف گانا ’تم چلے آؤ پہاڑوں کی قسم‘ نئے انداز سے کمپوز کیا اور اسے اپنی آواز میں گا کر علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
پشتو دھن پر بنائے جانے والے گانے کی ویڈیو میں علی ظفر نے پہاڑی مناظر دکھائے اور اسے منفرد انداز سے پیش کرتے ہوئے پاکستانی ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ علی سدپارہ کے ٹو مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے کے بعد علی سدپارہ کی اس گانے پر رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اُن کے پہاڑوں سے عشق کو دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو میں علی سد پارہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ خیمے میں موجود تھے اور وہ یہ گانا خود گن گناتے ہوئے اس پر رقص کررہے تھے۔
خیال رہے کہ دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کو سردیوں میں سر کرنے کی مہم پر نکلنے والی علی سدپارہ اور دو غیرملکی کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے، اُن کی گمشدگی کو دس روز سے زائد دن گزر چکے ہیں۔
لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے پاکستان آرمی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے سرچ آپریشن بھی کیا گیا مگر اب تک کسی کا بھی سراغ نہ لگایا جاسکا۔