اسلام آباد : حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے صحابہ کرام کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیۓ قومی اسمبلی سے مؤثر قانون سازی کرے،اگر صحابہ کرام کی گستاخیاں نہ رکیں تو ملین مارچ کیا جاۓ گا۔ شہدائے اسلام و استحکام پاکستان کانفرنس مولانا اعظم طارق شہیدکے مذہبی و سیاسی افکار کو فروغ دینے کے لیے حسب سابق 7 اکتوبر بروز جمعرات دن گیارہ بجے ہاکی گراؤنڈ آبپارہ میں منعقد ہوگی۔ان خیالات کا اظہار مولانا اعظم طارق شہیدؒ کےصاحبزادے MPA جھنگ، پارلیمانی لیڈر پاکستان راہ حق پارٹی پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم طارق،مرکزی رہنما اہلسنت والجماعت پاکستان مولانا مسعودالرحمن عثمانی،مولانا شیخ تصدق حسین،مفتی احسن،حافظ نصیر احمد،مولانا عبدالرحمن معاویہ نے جامع مسجد رحمانی آبپارہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا معاویہ اعظم نے کہا کہ اگر مولانا اعظم طارق شہید کا پیش کردہ ناموس صحابہؓ بل پاس کرکے قانون سازی کر لی جاتی تو آج نہ کسی کو گستاخی کی جرأت ہوتی اور نہ ناموس رسالتﷺ و ناموس صحابہ کے تحفظ کے لیے مارچ اور دھرنوں کی ضرورت پڑتی۔آج بھی وقت ہے کہ حکومت قومی اسمبلی کے اندر مولانا اعظم طارقؒ کے پیش کردہ ناموس صحابہؓ بل کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے قانون سازی کی کوشش کرے تاکہ یہ مسئلہ قانون کے ذریعے حل ہوسکے۔
مولانا معاویہ اعظم نے مزید کہا کہ صحابہ کرام و اہلبیت عظام کی عزت و ناموس اور ملک پاکستان کی نظریاتی سرحد کا تحفظ کرنے کی پاداش میں مولانا اعظم طارقؒ و ان کے ساتھیوں کو 6 اکتوبر 2003 کو اسلام آباد میں گولیاں مار کردن دھاڑے شہید کر دیا گیا اور آج 18 سال گزرنے کے باوجود مولانا کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک نہ پہنچایا جاسکا۔ مولانا معاویہ نے کہا کہ ہم مولانا اعظم طارق شہید کے مذکورہ افکار کو فروغ دینے کی جد و جہد جاری رکھیں گے۔ اوراسی عزم کی تجدید کے لیۓ شہداۓ اسلام کانفرنس میں مولانا اعظم طارقؒ کے چاہنے اور ان کے عقیدت مند صحابہؓ کرام کے ناموس کے تحفظ کے لیے لاکھوں کی تعداد میں سات اکتوبر بروز جمعرات دن گیارہ بجے ہاکی گراؤنڈ آبپارہ اسلام آباد میں جمع ہوں گے اور قائد ملت اسلامیہ حضرت مولانا محمد احمد لدھیانوی کی قیادت میں اس کارواں کو آگے بڑھانے کا عزم کریں گے۔ کانفرنس میں مختلف جماعتوں کے مذہبی و سیاسی علما و زعما بھی شرکت کریں گے۔
0 0 2 minutes read