کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک شادی کی تقریب میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ افغان حکام کے مطابق خود کش دھماکے کے وقت شادی ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا، اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں تقریباً 1000 افراد شریک تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جگہ کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق طالبان کی جانب سے خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے جب کہ ابھی تک کسی دوسرے گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کابل میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل بم حملے کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں، پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی پورے خطے کے لیے مشترکہ خطرہ ہے اور دہشت گردی کو مل کر شکست دینے کی ضرورت ہے۔