ہریانہ: بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر تاریخی حقائق کو نظر انداز اور مودی سرکار کے جارحانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذکارات مقبوضہ کشمیر پر نہیں بلکہ صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔
روایتی ہٹ دھرمی پر قائم بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ایٹمی حملے میں پہل کرنے کا عندیہ دینے کے بعد اپنی زہر فشانی سے باز نہیں آئے اور تازہ بیان میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے تاریخی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے بھڑک ماری کہ پاکستان سے مذاکرات صرف آزاد کشمیر پر ہوسکتے ہیں۔
پاکستان کی درخواست پر مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال پر ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس پر بوکھلاہٹ کے شکار وزیر دفاع نے کہا کہ پڑوسی ملک نے عالمی دروازے پر دستک دی ہے لیکن ہم مصروف عالمی قوتوں کو ایسے معاملے میں الجھانا نہیں چاہتے جسے ہم خود حل کر سکتے ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہریانہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیر کی تعمیر اور ترقی کے لیے کیا گیا ہے جس سے وہاں کے شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا جس پر پاکستان نے اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے میں کامیاب ہوگئے جو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے جس سے بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔