شینزن: چین کے ایک شخص کے معدے سے 20 سال بعد ایک ٹوتھ برش نکال لیا گیا جسے اس نے خودکشی کی غرض سے نگلا تھا۔
غصے کے تیز اس شخص نے جیل میں کسی رنجش پر خودکشی کی غرض سے ٹوتھ برش حلق سے نیچے اتارلیا تھا۔ یہاں تک یہ ٹوتھ برش سرکتے سرکتے اس کی چھوٹی آنت تک جاپہنچا تھا۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا تھا کہ اگر ٹوتھ پیسٹ نہ نکالا جاتا تو یہ جگر کو شدید متاثر کرکے موت کی وجہ بھی بن سکتا تھا۔
اس شخص کا نام لائی بتایا گیا ہے جو اب جیل سے تو باہر آچکا ہے لیکن ٹوتھ برش اس کے بعد حال ہی میں نکالا گیا ہے۔ ٹوتھ برش مکمل طور پر سیاہ اور ناقابلِ شناخت ہوچکا ہے اور اس میں پلاسٹک کے ریشے بھی اتر چکے ہیں۔ ایک طویل آپریشن کے بعد چھوٹی آنت سے ٹوتھ پیسٹ نکالا گیا ہے۔
51 سالہ لائی کے پیٹ میں 20 سال بعد ناقابلِ برداشت درد اٹھا اور اسے ہسپتال میں داخل کیا گیا ۔ چین کے شہر شینزن کے ایک ہسپتال میں اسے لے جایا گیا۔ سی ٹی اسکین سے اس کی آنت میں عجیب و غریب شے کا انکشاف ہوا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ایک ٹوتھ برش ہے جسے خودکشی کی کوشش میں پیٹ میں اتارا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹوتھ برش ہڑپ کرنے کے بعد اسے کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوئی اور وہ اس واقعے کو فراموش کرچکا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ٹوتھ برش اس مقام تک پہنچ چکا تھا جہاں وہ اس کے جگر کو شدید نقصان پہنچا کر اس کی موت کی وجہ بھی بن سکتا تھا۔