لندن: اب سے دوبرس قبل برطانیہ میں نایاب اور شوخ گلابی رنگت والا ٹڈا دیکھا گیا تھا اور اب اگست کے مہینے میں یہ نایاب نظارہ دوبارہ دیکھا گیا ہے۔
برطانیہ کے شمال مغرب میں واقع ایک قصبے گلوکیسٹرشائر سے تعلق رکھنے والی 41 سالہ کیٹ کلی نے اپنی نانی کے باغ میں یہ ٹڈا دیکھا ہے۔ اس سے پہلے کہ پُھر سے اڑجاتا، کیٹ نے اس کی ایک تصویر کھینچنے میں کامیابی حاصل کرلی جس پر وہ بہت خوش ہیں۔
کیٹ نے کہا کہ ’یہ ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اور میں نے ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا،‘۔ نیشنل جیوگرافک پر لکھے گئے 2013 کے ایک بلاگ میں بتایا گیا تھا کہ اس ٹڈے کا حیاتیاتی نام Chorthippus parallelus ہے جو باغات میں عام پایا جاتا ہے اور کبھی کبھی یہ اپنا رنگ بدلتا ہے اور شوخ گلابی رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔
ٹڈے کا رنگ ایک جینیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلابی ہوجاتا ہے اور یہ عمل ’اریتھرزم‘ کہلاتا ہے اور یہ ایسے ہی عمل کرتا ہے جس طرح کبھی کبھار سفید لال بیگ یا جاندار پیدا ہوجاتے ہیں۔ وجہ کچھ بھی ہو لیکن ماہرین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ گلابی ٹڈوں کی پیدائش بہت ہی نایاب ہے جو کبھی کبھار دکھائی دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں ہی دو سال قبل ایک گلابی ٹڈا دیکھا گیا تھا۔