اہم خبر

ترکی کے ڈرون طیاروں نے خطے کا فوجی توازن تبدیل کر دیا، برطانوی میڈیا

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ترکی کے مقامی طور پر تیار کردہ ڈرون طیارے TB2 نے خطے میں فوجی توازن تبدیل کر دیا ہے۔ خاص طور پر آذربائیجان کی آرمینیا کو بدترین شکست دینے میں ترکی کے ڈرون طیاروں نے کلیدی کردار ادا کیا اور جنگ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا۔
برطانوی اخبار "دی گارڈین” کے مطابق اب برطانیہ بھی نئے ڈرون کی تلاش میں ہے۔ برطانیہ کی نئے ڈرون کی خواہش میں آذربائیجان کی فتح انتہائی اہم ہے جس میں آذربائیجان نے 30 سال کے بعد اپنے مقبوضہ علاقے کاراباخ کو آرمینیا سے آزاد کروایا۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ آذربائیجان نے ترکی کے سستے ڈرون طیاروں کی مدد سے صرف چھ ہفتوں میں آرمینیا کو بدترین شکست سے دوچار کر دیا اور قفقار کے ایک بڑے علاقے کو آزاد کروا کر ثابت کیا کہ ترکی کے ڈرون طیاروں میں بہترین جنگی صلاحیت موجود ہے۔
ترکی کی دفاعی صنعت بیکر مکینہ کے تیار کردہ ڈرون طیاروں کی قیمت دس لاکھ سے 20 لاکھ ڈالر ہے جبکہ برطانیہ ایک ڈرون طیارے پر 2 کروڑ ڈالر خرچ کر رہا ہے۔
دی گارڈین کے مطابق برطانوی فوجی حکام ترکی کے ڈرون طیاروں کی کامیابی کے بعد اب ایک نئے ڈرون پروگرام پر کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ٹرکش ڈرون طیاروں نے کاراباخ کی حالیہ جنگ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
رپورٹ میں برطانوی سیکریٹری دفاعی بین ویلیس کا بیان شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ٹرکش TB2 طیاروں نے دیگر ممالک کے لئے ایک مثال قائم کر دی ہے کہ کس طرح سستے داموں جدید جنگی ہتھیار بنا کر جنگ کا پانسہ پلٹا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آرمینیا نے 27 ستمبر کو آذربائیجان پر حملہ کر دیا تھا جس کے جواب میں آذربائیجان نے ترک ڈرون طیاروں کی مدد سے آرمینیا کو بدترین شکست دی اور کاراباخ کا مقبوضہ علاقہ 30 سال بعد آرمینیا سے آزاد کروا لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button