اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نون لیگ کے دو ارکان اسمبلی کے استعفی منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ارکان نے اسپیکر سے استعفے رد کرنے کی درخواست کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق لیگی ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان کے استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دے دی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنی رولنگ میں کہا کہ دونوں اراکین نے استعفوں کی تصدیق نہیں کی، اراکین نے اپنے استعفوں کو جعلی قرار دیا اور موصول ہونے والے استعفے متعلقہ ممبران کے ثابت نہیں ہوسکے۔
رولنگ میں کہا گیا کہ استعفوں پر کارروائی قانون اور سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں لائی گئی، استعفوں کی تصدیق نہ ہوسکی لہذا ان پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔
گذشتہ روز قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت ن لیگ کے استعفے دینے والےدو ایم این ایز نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے کہا تھا کہ ہمارے استعفے منظور نہ کئے جائیں، ن لیگ کے ممبران قومی اسمبلی سجاد اعوان اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اس سلسلے میں تحریری درخواست بھی دی تھی۔
اس کے علاوہ ن لیگی ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات بھی کی تھی، دونوں اراکین کی تحریری درخواست کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ان کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں استعفوں کے آڈٹ کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کل دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دوں گا۔
یاد رہے کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ایک سابقہ بیان کہا تھا کہ اپنے ایم این ایز سے کہوں گی اسپیکر سے کہو یہ پڑے ہمارے استعفے انہیں قبول کرو، قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے24دسمبر کو خط لکھ کر دونوں اراکین اسمبلی کو طلب کیا تھا، استعفوں کی تصدیق یا تردید کیلئے7دن کی مہلت دی گئی تھی۔