اسلام آباد (پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے مچھ میں کان کنوں کے ساتھ پیش آئے اندوہناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے انسانیت سوز مظالم ڈھانے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، امن و امان میں حکومتی ناکامی اوپر سے وزیر اعظم کی ہٹ دھرمی نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی اہلیت ثابت کرتے ہوئے فی الفور مجرموں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دینی ہوگی۔غریب کان کنوں پر حملہ کھلی بربریت اور دہشت گردی ہے اپنے بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی کی قیادت اور اس سے وابستہ ایک ایک فرد ہزارہ برادری کے ساتھ ہے، ہم ارباب اختیار سے پُر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ظلم عظیم کے ازالے کے لیے جو بھی بن پائے وہ کیا جائے، نیز وزیر اعظم ٹویٹر کی دنیا سے باہر نکلیں اور اپنے اندر مظلوموں کے درد کا احساس پیدا کریں اور ساری مصروفیات بالائے طاق رکھ کر مظلوم متاثرین کے درمیان پہنچیں اور ان کی داد رسی کریں۔
0 0 1 minute read