ویب ڈیسک : برطانوی پروڈیوسر اور وزیراعظم پاکستان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ کی نئی فلم میں پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی اوربھارتی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی جلوہ گر ہورہی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈاسمتھ نے ٹوئٹر پر اپنی فلم میں پاکستانی اسٹار سجل علی اور بھارتی اداکارہ و سماجی کارکن شبانہ اعظمی کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے پوسٹ کو شئیر کیا ۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی لکھی ہوئی رومانٹک کامیڈی فلم (What’s Love Got To With It) کی شوٹنگ کا اعلان کیا تھا۔ اب اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ فلم نہ صرف شوٹنگ کے مراحل میں ہے ، بلکہ اس کی ہدایتکاری شیکھر کپور کررہے ہیں ، اور اس کی کاسٹ میں بڑے ستارے بھی شامل ہیں ۔ فلم کی کاسٹ میں شہزاد لطیف (فلم ڈپارچر ) اورا یما تھامسن (فلم لاسٹ کرسمس) برطانوی اداکار روب برڈن (فلم دی ٹرپ ٹو گریس ) اورعاصم چوہدری (فلم ونڈر وومن 1984) کے ساتھ پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی (فلم مام ) اورسینئر ہندوستانی اداکار اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی (فلم کالی کوہی ) حصہ لے رہے ہیں ۔
فلم کے ہدایتکار شیکھر کپور ماضی میں مسٹر انڈیا، معصوم، دل سے، بنڈت کوئین، ایلزبتھ اور پیسیج جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔شیکھر کپور مذکورہ فلم کی ہدایات دینے سے 13 سال بعد عالمی فلمی دنیا میں واپسی کریں گے، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جنہیں بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔
اس سے قبل اداکارہ سجل علی کی جمائما خان کی فلم میں اداکاری کرنے کی بہت سی خبریں گردش کر رہی تھیں ۔
جمائما گولڈ اسمتھ کی لکھی فلم کی کہانی سے متعلق ابھی واضح طور پر کوئی خبر سامنے نہیں آئی، اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم امکان ہے کہ فلم کو رواں برس کے آخر یا پھر 2022 کے آغاز تک ریلیز کردیا جائے گا۔