ریاض: سعودی پولیس نے سڑکوں پر گاڑیوں کو ٹکر مار کر واردات کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے یہ اہم کارروائی سعودی دارالحکومت ریاض میں کی جہاں سے 8 افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کیا گیا جن میں 7 سعودی جبکہ ایک غیرملکی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان واردات کرنے کے لیے اپنی کار کو سڑک پر چلتی گاڑی سے ٹکرا دیتے تھے اور پھر باتوں میں الجھا کر گاڑی لے کر فرار ہوجاتے تھے۔ گروہ نے اس طرح کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان مسروقہ کار ریاض کے جنوبی محلے السویدی کے جنگلات میں لے جاکر چھپا دیتے تھے۔ بعد ازاں پرزوں کو الگ کرکے فروخت کیا جاتا تھا۔ ان کے قبضے سے مسروقہ کاریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
علاوہ ازیں پولیس نے اسکول میں گھس کر کمپیورٹر اور دیگر سامان چور کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کیا۔ گرفتار شہری اب تک 15 کمپیوٹر، 7 پرنٹر اور بارہ سکرین چوری کرچکا تھا۔