امریکی محققین نے موٹاپے کے شکار افراد کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ ایسی کئی چیزیں کھا سکتے ہیں جن پر پہلے ڈاکٹرز پابندی عائد کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محققین نے موٹے افراد پر کھانے پینے کی پابندی ختم کر دی ہے، ایک نئی امریکی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اب موٹے افراد کیک، پنیر اور چربی سے بھرپور کھانا کھا سکتے ہیں۔
زیادہ وزن کے شکار افراد کی بڑی خواہش یہ ہوتی ہے کہ ان کا وزن کم ہو جائے، اس مقصد کے لیے وہ ورزشیں کرتے اور خوارک میں احتیاط برتتے ہیں لیکن حال ہی میں کی گئی تحقیق نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ایک امریکی یونی ورسٹی میں کی گئی نئی تحقیق میں موٹے افراد کے لیے مرغن غذا کو بھی صحت بخش قرار دیا گیا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ چربی سے بھر پور غذا معدے کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ہے، جسم کے اندر سوزش اور خلیات کو زخمی ہونے سے بچانے کے لیے بھی چربی سے بھرپور کھانا بہت مفید ہے۔
اس قسم کی یہ پہلی تحقیق نہیں ہے، اس سے قبل امریکا ہی میں آئس کریم سے متعلق یہ تحقیق سامنے آئی تھی کہ آئس کریم کھانے سے جسم میں موجود چربی کم ہو جاتی ہے، اس تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اور اگر جسم میں کیلشیم کی مقدار کم ہونا شروع ہو جائے تو موٹاپا بڑھ جاتا ہے۔
اس سلسلے میں محققین نے ایسی آئس کریم کھانے کی تجویز دی جس میں کیلوریز 120 سے زیادہ نہ ہوں، ایسی آئس کریم کا مرد ایک سے ڈیڑھ کپ کھا سکتے ہیں، جب کہ عورتوں کے لیے اس کی مقدار ایک کپ تجویز کی گئی۔
تاہم ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ دن بھر میں آئس کریم کا کپ ملا کر 1500 کیلوریز سے زیادہ نہیں کھانے چاہیئں۔