کراچی : پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار فرحان علی آغا نے حکمران جماعت تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران معروف اداکار فرحان علی آغا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں ملک ایک مشکل گھڑی سے گزررہا ہے لہذا اچھے اور ایماندار لوگوں کی پی ٹی آئی میں ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت مجھے ورثے میں ملی ہے جب کہ یہ وقت ہے کہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے اچھے کاموں کو آگے بڑھائیں۔
اداکار نے کہا کہ میرے والد مسلح افواج میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور میں بچپن سے وطن کی محبت اور قربانیوں کے قصے، کہانیاں سنتے آیا ہوں، یہ وقت ہے کہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے اچھے کاموں کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں پہلا قدم ہے لیکن قوم سے محبت پرانی ہے، پاکستان کو آگے لیکر جائیں گے اور عوام کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔