
اسلام آباد: راولپنڈی پولیس نے 15 ماہ قبل اغوا شدہ بچی کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔
راولپنڈی تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو سے 15 ماہ قبل بچی کو اغوا کیا گیا تھا۔ راولپنڈی مغوی بچی تاجمینہ کو رتہ امرال پولیس نے لاہور سے بازیاب کروایا۔
بچی کی گمشدگی کے بعد اسے ڈھونڈے کی بہت کوششیں کی گئیں، اہل خانہ کے ساتھ ساتھ پولیس نے اس کی بازیابی کے لیے اشتہار بھی جاری کرایا مگر کہیں سے اس کا پتا نہیں چلا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تاجمینہ کو اغواء کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بچی کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود تھیں، پولیس نے فوٹیج کی مدد سے اغواء کار میاں بیوی کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
میاں بیوی باآسانی بچی کو اپنے بچوں کے ہمراہ لے گئے اور انہیں کسی قسم کی رکاوٹ یا پوچھ گچھ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کی نشاندہی پر بچی کو لاہور سے بازیاب کروایا گیا جس کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔



