کراچی: معروف بین الاقوامی اداکارہ ماہرہ خان نے تھانے دار کے روپ میں خود پر اداکاری نہ آنے کی تنقید کا جواب دے دیا۔
ماہرہ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سپر اسٹار‘ کے سیٹ سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ تھانے دار کا لباس زیب تن کئے چہرے پر مونچھیں اور سر پر ٹوپی رکھی نظر آرہی ہیں۔ ماہرہ نے اس دوران ریپ سانگ گاتے ہوئے جہاں بہت سی مزاحیہ باتیں بھی کیں تو وہیں انہوں نے خود پر اداکاری نہ آنے کی تنقید کا جواب بھی دیا۔
میرا نام ہے ماہرہ خان، کہنے سے ہو جاتا ہے سب کا کام تمام۔ میں ہوں ایک پٹھان۔ تاہم اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ اداکاروں نے کہا کہ مجھے اداکاری نہیں آتی۔ کیا آپ کی بھی فلمیں سو کروڑ کماتی ؟۔
واضح رہے کہ فردوس جمال نے اداکار فیصل قریشی کے شومیں کہا تھا کہ ان کے نزدیک ماہرہ خان ہیروئن بننے کے لائق نہیں ہیں۔ ماہرہ خان ماڈل تو ہوسکتی ہیں لیکن نہ وہ اچھی اداکارہ ہیں اور نہ اچھی ہیروئن۔ اس پر سوشل میڈیا اور خود شوبز حلقوں میں ایک بحث چھڑگئی تھی۔ اس میں کئی لوگوں نے ماہرہ خان کی حمایت کی تھی لیکن بعض افراد نے فردوس جمال کو سینیئر اداکار قرار دیتے ہوئے ان کی تنقید کو درست قرار دیا تھا۔