بالی وڈ کے مقبول اداکار سیف علی خان اور ڈمپل کپاڈیا کی ویب سیریز ‘تانڈو’ بنانے والوں نے ہندو انتہا پسندوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اس میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی ہدایت کار علی عباس کی ویب سیریز ‘تانڈو’ کے خلاف بھارت بھر میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلسل احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ویب سیریز پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ ویب سیریز کے پروڈیوسرز کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
اب ویب سیریز ‘تانڈو’ بنانے والوں کی وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ خدشات دور کرنے کیے ویب سیریز میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
‘تانڈو’ کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ہدایت کار علی عباس کا کہنا ہے کہ ہمارے دل میں ملک کے لوگوں کے جذبات کی بہت عزت ہے ہم ان کے جذبات کو مجروح نہیں کر سکتے’۔
انہوں نے کہا کہ ویب سیریز کی کاسٹ اور کریو نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اٹھائے گئے خدشات کو دور کرنے کے لیے ہم اس میں تبدیلیاں کریں گے۔
علاوہ ازیں ویب سیریز کے ہدایت کار نے وزارت اطلاعات و نشریات کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ ویب سیریز ‘تانڈو’ کے پروڈیوسرز رتیش سدھوانی اور فرحان اختر سمیت دیگر کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے اور بھارتی ریاست اترپردیش کی غلط شبیہ دکھانے کے الزام پر مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔