مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کا ماننا ہے کہ گجرات اور پنجاب کے دیگر حصوں میں مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات کرنا قبل از وقت ہے کیونکہ انہیں مستقبل قریب میں انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔
چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد سے قبل قومی سیاست میں بہت سی چیزوں کو پہلے طے کرنا ہوگا، خاص طور پر معیشت کو بہتر بنانا جو ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) پنجاب اور پاکستان کے دیگر حصوں میں اپنا دائرہ کار وسیع کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ متعدد سابق اور موجودہ اراکین اسمبلی جنہوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا ہے یا آنے والے دنوں میں اسے چھوڑنے کا اعلان کر سکتے ہیں، وہ پارٹی میں شمولیت کے لیے مسلم لیگ(ق) سے رابطے میں ہیں۔ گجرات سے مسلم لیگ(ق) کے دو سابق ایم پی اے عبداللہ یوسف اور خالد اصغر غورل نے بھی گزشتہ ماہ دوبارہ پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔