نیویارک سٹی: سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستان کی تاریخی سفارتی فتح ہے جس پر بھارتی مندوب بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جوابات دینے سے کتراتے رہے۔
مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کے دوران بھارتی مندوب سید اکبر الدین شدید گھبراہٹ کا شکار نظر آئے اور صحافیوں کے سوالات پر آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔ وہ آئے تو بھارت کا مقدمہ لڑنے لیکن نیوز کانفرنس میں صحافیوں اور کیمروں کے سامنے چاروں شانے چت ہوگئے۔
چہرے پر شکست کے آثار لیے بھارتی مندوب نے کشمیریوں کو گھروں میں قید کرنے کے سوال پرایسی منطق پیش کی کہ غیر ملکی صحافی بھی ہکا بکا رہ گئے، سلامتی کونسل میں معاملہ زیر بحث آنے پر موصوف کو پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدہ یاد آ گیا اور کئی سوالوں کےجواب میں شملہ معاہدے کی گردان کرتے رہے۔
اس موقع پر صحافیوں نے دو مرتبہ اُن سے اجلاس کے نتیجے کے حوالے سے پوچھا اور وہ دونوں مرتبہ سوال کا جواب گول کرگئے کہ یہ ان کے دائرہ اختیار میں نہیں، اسی طرح پوری کانفرس میں بھارتی مندوب تمام معاملات پاکستان کے ساتھ پرامن انداز میں حل کرنے کا راگ بھی الاپتے رہے۔