اسلام آباد 01 جنوری 2021: جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر جناب محمد علی حُمید اور کمانڈر جبوتی بحریہ لیفٹیننٹ کرنل احمد داہر دجاما نے وفد کے ہمراہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان سے باضابطہ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران معززین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں، کمانڈر جبوتی بحریہ کو دی جانے والی بریفنگ میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین اشتراک و باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی اور مستقبل میں مزید بحری روابط کے فروغ پر زور دیا گیا۔
اعلیٰ سطحی سیاسی اور عسکری قیادت کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کے حوالے سے نئی راہیں استوار کرنے میں مددگار ہوگا۔