لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں بارشوں کے دوران نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ محکمے کے ذمہ داروں کو فوری معطل کرکے انکوائری کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کی انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ناقص نکاسی آب کی صورتحال کے ذمہ داران کا تعین کر کے کوتاہی برتنے والے حکام کو فی الفور معطل کیا جائے۔ آئندہ دنوں میں متوقع بارشوں سے پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کیلئے مکمل تیاری کی جائے، عید الاضحیٰ کے دنوں میں انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ رہے، ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام دستیاب وسائل کو بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کیا جائے، جلد از جلد نکاسی آب کو ممکن بنانے کیلئے درکار مشینری کے حصول میں درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے۔



