ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کر دی ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں لاہور کی بیٹھک میں کیا تبادلہ خیال ہوا، اسمبلیوں کی تحلیل، نگران سیٹ اپ کے معاملے پر دو بڑی سیاسی جماعتوں میں مشاورت ہوئی اور فیصلے ہوئے، اب یہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے، فیصلے ہوگئے اب مشاورت باقی ہے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو دعوت دی جائے گی، پر تکلف چائے پر اعتماد میں لیا جائے گا ان فیصلوں پر جو پہلے ہی ہو چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اب ابہام نہیں رہا کہ نگران وزیراعظم کس کی مرضی کا ہوگا، یہ طے ہے کہ نگران سیٹ اپ کس نوعیت کا مرتب کیا جا رہا ہے، پاکستان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کس نے کرنا ہے؟ دو بڑی جماعتوں کے سربراہان نے کرنا ہے یا حق عوام کو دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر ایک کمیٹی ایاز صادق کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے، انتخابی اصلاحات عجلت میں کی جا رہی ہیں، پی ٹی آئی ایک اہم سٹیک ہولڈر ہے، پی ٹی آئی کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض صاحب برائے نام ہیں۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں بھی عدم استحکام کی جھلک دکھائی دی ہے، لگتا ہے استحکام بھی عدم استحکام کا شکار ہونے جا رہی ہے۔
0 0 1 minute read