پاکستان

پونچھ یونیورسٹی کا بڑا اعزاز، رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی

راولاکوٹ:وائس چانسلر جامعہ پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر (پرائیڈ آف پرفارمنس)نے کہا ہے کہ ٹائمزہائر ایجوکیشن کی امپکٹ رینکنگ میں نمایاں کامیابی دراصل مقابلے کے سفر کا آ غاز ہے۔پونچھ یونیورسٹی کا بڑا اعزاز ، رینکنگ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ۔ہم نے منزل کی جانب چھوٹا سا قدم آ گے بڑھایا ہے۔ رینکنگ کوئی امتحان نہیں جس میں کوئی پاس یا فعل ہو جاتا ہے بلکہ یہ ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس میں آپ کو اپنی صلاحیت کو ہر وقت بڑھاتے رہنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں فیکلٹی آف ایگریکلچر میں امپکٹ رینکنگ پر بریفنگ کے حوالے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔تقریب میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان،سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، سابق امیدوار اسمبلی سردار زاہد رفیق ایڈوکیٹ،ڈی آئی جی پونچھ ڈویثرن سردار ظہیر احمد،ایس ایس پی وحید احمد گیلانی،سردار محمد صدیق خان،مفتی عبدالخالق،معروف کاروباری و سماجی رہنما شاہزیب شبیر،چیف ایڈیٹر روزنامہ دھرتی عابد صدیق،صدر غازی ملت پریس کلب راشد نذیرسمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں،وکلاء رہنماؤں،صحافیوں،غیر سرکاری تنظیموں کے عہدیداروں،جامعہ پونچھ سے ریٹائر پروفیسرز،فیکلٹی ممبران ایڈ منسٹریشن سٹاف سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محبوب عالم نے تائمز ہائر ایجوکیشن کی امپکٹ رینکنگ(Impact Ranking)سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی۔ انھوں نے پریزینٹیشن کے ذریعے بتایا کہ امپکٹ رینکنگ میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ دنیا میں پائیدار ترقی کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کیے گئے سترہ (17) اہداف میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا کیا کردار ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ اس رینکنگ میں شامل ہونے کے لئے کم از کم چار ہدف میں رجسٹریشن لازمی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ رینکنگ کے لئے آپ کو ریسرچ کو کیسے جانچا جاتا ہے اور اس کے لئے ڈیٹا کہاں سے اٹھایا جاتا ہے۔دریں اثناء ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے جامعہ پونچھ کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ کامیابی ہمارے پورے معاشرے کی کامیابی ہے۔ جامعہ ہی در اصل کسی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں۔ترقی کے لئے اقوام متحدہ کے طے کردہ اہداف کو بہتر انداز میں حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔ آزادکشمیر اسمبلی میں ہم نے اس پر ہوم ورک شروع کیا تھا لیکن سیاسی عدم استحکام کے باعث کو پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا۔ انھوں نے کہا کہ معاشرتی ترقی کے لئے کمیونٹی کے جذبات کو درست سمت دینے کی ضرورت ہے۔ ریٹائرڈ بیوروکریٹ سردار محمد صدیق خان نے کہا ہے کہ جامعہ پونچھ بتدریج ترقی کر رہی ہے، جامعہ سے فارغ ہونے والا ہر طالب علم جب معاشرتی استحکام میں کردار ادا کرے گا تو پائیدار ترقی کے اہداف صحیح معنوں میں حاصل کیے جا سکیں گے۔ ڈی آئی جی پونچھ ڈویژن سردار ظہیر احمد نے کہا کہ جامعہ کی اس بڑی کامیابی کو سول سوسائٹی اور والدین نے سیلیبریٹ کرنا چاہیے۔ میں نے یورپ میں تعلیم کے لئے سکالر شپ حاصل کی تو مجھے رینکنگ کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔مجھے برطانیہ میں اندازہ ہوا کہ بڑی عمارت سے زیادہ اہمیت اچھی رینکنگ کی ہے۔ سابق وزیر اطلاعات عابد حسین عابد نے کہا کہ ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے ابتداء کی، جامعہ کی تاریخ میں آپ کے اقدامات کو یاد رکھا جائے گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے کہا کہ رینکنگ میں نمایاں پوزیشن پر حیرت کی کوئی بات نہیں، یہ تو ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے جو ہم نے ہر صورت نبھانی ہیں۔ جب ہم حکومت کے وسائل استعمال کر تے ہیں تو اچھی کارکردگی کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ قومی وسائل کے ضیاع کا کوئی جواز ہو ہی نہیں سکتا۔ اس لیے ہم اگر اپنی صلاحیت میں مزید بہتری لائیں تو یہ ہماری ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہا کہ جامعہ پونچھ میں ایسی بہت ساری خوبیاں ہیں جو اسے ملک کی دوسری جامعات سے ممتاز کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہاں امن و امان کی صورتحال ملک بھر سے بہتر ہے، یہاں تشدد کا کوئی تصور نہیں، جامعہ نے گزشتہ دس سے فیس نہیں بڑھائی، ان عوامل کو بھی رینکنگ میں دیکھا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button