
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا نئے ہوائی اڈوں کے منصوبوں پر اسٹیک ہولڈرز اجلاس
کراچی – پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اےاے) نے کراچی میں سٹیک ہولڈرز مشاورتی اجلاس منعقد کیا جس میں نئے اور موجودہ ہوائی اڈوں کی ترقی و توسیع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور میرپور (آزاد جموں و کشمیر) میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹس کی تعمیر اور ڈیرہ غازی خان کے موجودہ ہوائی اڈے کی اپگریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ انجینئر غلام عباس شیخ نے کی۔ شرکاء میں پی آئی اے، ایئر سیال، ایئر بلیو، سرین ایئر اور فلائی دبئی کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ اتھارٹی کے متعلقہ منصوبوں کے کنسلٹنٹس بھی شامل تھے۔
کنسلٹنٹس نے جاری فزیبلٹی سٹیڈیز اور مسافروں کی ممکنہ نقل و حرکت کے تازہ تجزیے پیش کیے۔
ایئرلائنز کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ہوائی اڈوں کی ترقی سے ممکن ہے کہ ابتدائی طور پر بڑے شہروں کے ہوائی اڈوں سے مسافروں کی نقل و حرکت کم ہو۔
ائیرپورٹس اتھارٹی کی ٹیم نے وضاحت کی کہ علاقائی فضائی رابطوں میں بہتری سے معیشت، سیاحت اور مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا، جو بالآخر پورے ملک کے ہوائی نظام کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور تکنیکی ماہرین کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گی تاکہ فزیبلٹی کی بنیاد پر قابل عمل اور متوازن منصوبہ بندی کے ذریعے ملکی ہوابازی کے ڈھانچے کی پائیدار ترقی ممکن بنائی جا سکے۔



