کراچی: پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے بھارتی چینل کی جانب سے آئی ایس آئی ایجنٹ کہنے پر چینل کو کرارا جواب دیا ہے۔
مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسی کی حمایت کرنے والا بھارتی میڈیا بھی کشمیریوں کی آواز دبانے میں پیش پیش ہے یہاں تک کہ مودی سرکار کی کشمیر میں جاری خونریزی پر پردہ ڈالنے میں اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے میں بھارتی چینل منفی پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
پاکستان سے نفرت میں مبتلا ایک بھارتی چینل ری پبلک بھارت نے حمزہ علی عباسی کو پاکستانی کی خفیہ ایجنسی اںٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا ایجنٹ قرار دے دیا۔
حمزہ عباسی نے بھارتی چینل پر نشر کی جانے والی خبر کے کچھ اسکرین شارٹ ٹویٹر پر شیئر کیے اور چینل کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اداکار، صحافی اور جنگ کے حامی ارناب گوسوامی نے اپنی اور چینل کی شہرت کے لیے مجھے آئی ایس آئی کا خفیہ ایجنٹ قرار دیا ہے۔
حمزہ علی عباسی نے یہ بھی کہا کہ میں یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میں آئی ایس آئی کا خفیہ ایجنٹ نہیں ہوں بلکہ میں فخرسے سرعام کہتا ہوں کہ میں آئی ایس آئی کا ایجنٹ ہوں جس طرح 20 کروڑ پاکستانی آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے پر فخر کرتے ہیں۔