راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی، انہیں عالمی قوانین کے برخلاف یو این گاڑی کو نشانہ بنانے پر بھی آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اس سے قبل بھارتی فوج کی تتہ پاتی ، جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ سے معمر خاتون شہید اور 4 سالہ نایاب سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں کا اندھا دھند استعمال کیا، یاد ہے کہ چند روز قبل بھارتی فورسز نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا۔