پاکستانی نژاد برطانوی اداکار اور گلوکار رضوان احمد عرف رِض احمد نے ناولسٹ فاطمہ فرحین مرزا کے ساتھ خاموشی سے شادی کا اعتراف کرلیا۔
برطانوی اداکار نے رواں ہفتے پوڈکاسٹ شو میں گفتگو کے دوران شادی شدہ ہونے سے متعلق انکشاف کیا۔
رض احمد کے مطابق انہوں نے حال ہی میں شادی کی ہے اورآج کل کیلیفورنیا میں ہیں کیونکہ انک ی اہلیہ کی فیملی کا تعلق یہاں سے ہے۔
برطانوی اداکار کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے کسی انٹرویو میں اپنی شادی سے متعلق تذکرہ کیا۔
رض احمدکے مطابق کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے لگے لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی، شادی کی تقریب کو مختصر رکھا گیا اور تمام تر ایس او پیز کو فالو کیا گیا۔
دوسری جانب ایک اور شو میں پاکستان نژاد برطانوی ادکار رض احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک کیفے میں ملاقات کے بعدنامور مصنف فاطمہ فرحین مرزا سے خفیہ طور پر شادی کی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ ایک بہترین ناول نگار ہیں جن سے ان کی ملاقات ایک کیفے میں بڑے ماڈرن انداز میں اس وقت ہوئی جب میوزیکل ٹریجڈی فلم’ ساؤنڈ آف میٹل’ کی تیاری کے سلسلے میں نیویارک میں تھا۔
رض احمد کا کہنا ہے کہ ہم دونوں ایک کیفے میں ایک ہی میز پر لکھنے کے لیے بیٹھے تھے، میز پر لیپ ٹاپ پلگ پوائنٹ ایک ہی ہونے پر ہمارے درمیان گفتگو کا آغاز ہوا جس کے بعد دوستی اور ہم آہنگی پیدا ہوگئی۔