قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ محمد عامر اور کوچز تنازع پاکستان کرکٹ کی پرانی روایت ہے جب کہ بورڈ والد کی طرح کھلاڑیوں کو اپنے بچے سمجھ کر بات کرے۔
لاہور میں کشمیر لیگ کے ترانے کی ریکارڈنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے مستقبل کے حوالے سے بورڈ کو محمد عامر کو آگاہ کرنا چاہیے تھا اور عامر کو بلا کر مسئلہ ختم کرنا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کوچز صرف سکھانے کا نام نہیں، کھلاڑیوں کو حوصلہ اور سپورٹ دینی پڑتی ہے، ملک کی عزت کی خاطر مل کر کام کرنا چاہیے نیوزی لینڈ میں شکست کو شکر ہے اس بار فٹنس پر نہیں ڈالا گیا۔
سابق کپتان نے کا کہنا تھا ٹی ٹوئنٹی کی پرفارمنس پر کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھلائی جا رہی ہے، جو دیکھ رہا ہوں نیا ٹیلنٹ آئندہ کچھ عرصے میں غائب ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعیب ملک اور حفیظ کے متبادل کھلاڑی بنائیں پھر سینئرز کو باہر کریں جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے شعیب ملک کو ٹیم میں واپس لانا چاہیے۔