اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کردیا ،48نشستوں پر سینیٹ الیکشن کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 48نشستوں پر سینیٹ الیکشن کیلئے پولنگ 3 مارچ کوہوگی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 11مارچ کو52سینیٹرزریٹائرہوجائیں گے ، امیدوار12اور 13فروری کوکاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جبکہ 15 اور 16فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی صورت میں اپیلیں 17 سے 18 فروری کے دوران سنی جائیں گے اور 21 تاریخ کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی جبکہ 22 فروری کو کاغذات نامزدگری واپس لیے جاسکیں گے۔
دوسری جانب سینیٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں نامزد امیدواروں کو پارٹی سر ٹیفکیٹ جاری کریں، کاغذات نامزدگی کیساتھ سر ٹیفکیٹ منسلک کئےجائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسران تعینات کردیئےگئے، وفاقی دارالحکومت ظفراقبال اسلام آباد کےریٹرننگ افسرہوں گے جبکہ پنجاب میں غلام اسرار ، سندھ میں اعجاز انور چوہان آراو ، صوبہ خیبرپختونخواکے لئے شریف اللہ آر او ہو ں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سینیٹ الیکشن کیلئے ایک امیدوار کے لیےانتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔
سینیٹ انتخابات 48 نشستوں پر ہوں گے، جن میں پنجاب سندھ میں 11 گیارہ، بلوچستان خیبر پختون خواہ میں 12 بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جب کہ اسلام آباد کی 2 سینیٹ نشستوں پر پولنگ ہوگی۔