لاہور: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی، محمد رضوان کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کی جانب سے دئیے جانے والے 170 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، پاکستان نے 3 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقی اوپنر ریزا ہینڈرکس کی 54 رنز کی اننگز بھی مہمان ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی، ملان نے 44 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
جیکس سنیمن 2 رنز بنا کر عثمان قادر کا نشانہ بنے، ڈیوڈ ملر کو 6 رنز پر فہیم اشرف نے پویلین کی راہ دکھائی، کپتان کلیسن 12 رنز پر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر عثمان قادر اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا، محمد رضوان نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے، حیدر علی 21 رنز بناسکے، حسین طلعت 15 رنز بنا کر تبریز شمسی کا نشانہ بنے۔
افتخار احمد صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے، خوشدل شاہ کو 12 رنز پر سمپملا نے پویلین روانہ کیا، فہیم اشرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے فلک وایو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ تبریز شمسی، فورٹیون اور سمپملا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتا اور میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ دوسری اننگز میں ڈیو فیکٹر ہو گا، کوشش ہے اچھا ٹوٹل دیں اوردفاع کریں۔
انہوں نے کہا کہ دو اہم بولر نہیں، نئےلڑکوں کیلئےموقع ہے، موقع پر اہم فیصلے کرنے ہوتے ہیں، غصے پر قابو کرنا ہوتاہے۔بابراعظم نے بتایا کہ میں اور رضوان اوپن کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم میں بابراعظم، محمد رضوان، حیدرعلی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف شامل ہیں۔