اہم خبرپاکستان

’سمندری طوفان آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے‘

سمندری طوفان آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور ساحلی علاقوں میں تیز آندھی، طوفانی بارشیں اور طغیانی آسکتی ہے۔

بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان بائپر جوائے جو اس وقت کراچی سے 770 کلومیٹر دور ہے تاہم تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ سمندری طوفان 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان 13 جون تک سندھ کے جنوب اور جنوب مشرقی حصے پر اثر انداز ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں ساحلی علاقوں میں تیز آندھی، طوفانی بارشیں اور طغیانی آسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ این ای او سی میں بائپر جوائےکی بین الاقوامی ماڈلز کے ذریعے پیش رفت پر نگرانی جاری ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

ترجمان کے مطابق متعلقہ اداروں کو سمندری طوفان سے متعلق آگاہی مہم کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں جب کہ ممکنہ اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام موسمیاتی حالات سے آگاہ رہیں اور سیر و تفریح کے لیے سمندری ساحل پر جانے سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے ماہی گیروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کھلے سمندر میں کشتی رانی سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل اور تعاون کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button