لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور دل کے مریضوں کے لئے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا، انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور پی آئی سی میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے استفسار کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں سے پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کے بارے دریافت کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے بہتر ہونیوالے مریضوں کو ایمرجنسی سے وارڈ میں شفٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے پوچھا، مریضوں اور تیمارداروں نے پی آئی سی میں فراہم کردہ طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، محسن نقوی نے ڈاکٹرز اور نرسز کو مریضوں کی مکمل دیکھ بھال کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسز دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں، مریضوں کی تعداد کے پیش نظر پی آئی سی میں نئے بیڈز کا اضافہ کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے استقبالیہ کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی سہولت کے لئے نظام کا جائزہ لیا، پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احمد نعمان اور ایم ایس ڈاکٹر تحسین نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پی آئی سی میں مریضوں کے علاج معالجے کے بارے میں بریفنگ دی۔
0 0 1 minute read