اہم خبرپاکستان

سائفر کیس: چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت مؤخر

اسلام آباد: خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہیں ہوگی جبکہ پی ٹی آئی نے ڈیوٹی جج سے درخواستیں سننے کی اپیل کردی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سائفر کیس کی سماعت کرنے والے خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین آج چھٹی پر ہیں، جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر آج سماعت نہیں ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے وکلا عدالت پہنچے تو عدالتی عملے نے انہیں مطلع کیا کہ جج ابو الحسنات ذوالقرنین 8 ستمبرتک رخصت پر ہیں، پی ٹی آئی وکلاء نے درخواست کی کہ ہمیں کوئی راستہ دکھائے کہ ہم کیا کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی اورشاہ محمود کے وکلاء ڈیوٹی جج راجا جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوگئے اور درخواست سننے کی اپیل کی۔ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا کوئی نوٹیفکیشن نہیں، آپ ہائیکورٹ سے مارک کرادیں تو میں بھی کیس سن سکتا ہوں، دو طریقے ہیں یا رجسٹرار ہائیکورٹ سے رجوع کریں یا 9 ستمبر تک انتظار کر لیں۔ڈیوٹی جج راجا جواد عباس نے کہا کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس چھٹی کی درخواست گئی ہے، یہاں 24 عدالتیں ہیں، ان سب کو میں سن سکتا ہوں مگر یہاں معاملہ الگ ہیں، باقی عدالتوں کے لیے میں ڈیوٹی جج ہوں، میری غیر موجودگی پر شاہ رخ ارجمند جج ہوں گے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے علاوہ باقی عدالتوں میں اختیار استعمال کرسکتا ہوں، ایڈمن جج ہونے کی وجہ سے 24 عدالتوں پر میرا دائرہ اختیار استعمال ہو سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ہم ایک درخواست دیتے ہیں آپ جو بھی آرڈرکریں گے ہمیں منظور ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیوٹی جج کو ضمانتیں سننے کی درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ ضمانت کا معاملہ ہے آپ ڈیوٹی جج ہیں اسی لئے ہمیں سن لیں۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل جبکہ شاہ محمود اڈیالہ جیل میں قید ہیں، عدالت نے آج فریقین سے دلائل طلب کر رکھے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button