پاکستان

جعلی رسیدوں کا کیس: بشریٰ بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جعلی رسیدوں کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 مقدمات اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس پر سماعت ہوئی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیسز کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔جج طاہر عباس سپرا نے سوال کیا کہ کوئی پراسیکیوٹر آیا ہے، میں نے دلائل سننے ہیں؟پولیس اہلکار نے بتایا کہ کوئی بھی پراسیکیوٹر عدالت میں موجود نہیں ہے۔ جج طاہر سپرا نے وکیل خالد یوسف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ دلائل دیں، عدالت آپ کو سنے گی۔وکیل صفائی خالد یوسف نے کہا کہ ان کیسز میں سینئر وکیل سلمان صفدر ہیں، وہی دلائل دیں گے، آج لاہور ہائی کورٹ میں کیس ہے، سلمان صفدر مصروف ہیں۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے جتنی بھی ضمانتوں کی درخواستیں التوا میں ہیں انہیں سنیں اور فیصلہ کریں، مجھے نہیں لگ رہا کہ آپ ان درخواستوں کو فیصلے کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کو بلائیں، میں نے تاریخ نہیں دینی، باقی تفتیشی افسر کہاں ہیں، سارے ریکارڈ اور پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوں، اگر 10 بجے پیش نہ ہوئے تو متعلقہ پولیس افسر کو طلب کروں گا، میں دس بجے تک انتظار کروں گا ورنہ بغیر سنے فیصلہ کروں گا، پھر کہہ رہا ہوں دس بجے پیش ہوں، بغیر سنے فیصلہ کر دیا تو ذمے دار تفتیشی افسر ہوں گے، اگر بانی پی ٹی آئی کا پیش ہونا مشکل ہے تو بشریٰ بی بی کا کیس کیوں التوا میں رکھ رہے ہیں۔وکیل صفائی خالد یوسف نے کہا کہ آج ہم بحث کے لیے تیار تھے سلمان صفدر میسر نہیں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button