Warning: foreach() argument must be of type array|object, string given in /home/u431281920/domains/dailyghaznavi.com/public_html/wp-content/plugins/insert-headers-and-footers/includes/class-wpcode-snippet-cache.php on line 43
عمران نیازی کو ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے میں ناکامی ہو گی، اسے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ، وہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے ذاتی انا چھوڑ دے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حیدرآباد۔ سکھر موٹروے ایم۔6 کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب - Dailyghaznavi
موسم

عمران نیازی کو ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے میں ناکامی ہو گی، اسے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ، وہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے ذاتی انا چھوڑ دے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حیدرآباد۔ سکھر موٹروے ایم۔6 کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے میں ناکامی ہو گی، اسے عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے ذاتی انا چھوڑ دے، مخلوط حکومت عوام کے دکھوں کو کم کرے گی، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جنیوا ڈونرز کانفرنس میں کشکول نہیں اپنا حق مانگنے جائیں گے، موٹرویز منصوبے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا وژن ہے، کراچی۔حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کے بغیر ان کا وژن مکمل نہیں ہو سکتا، سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبہ 30 ماہ میں مکمل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں حیدرآباد۔ سکھر موٹروے ایم۔6 کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، امین الحق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ارکان قومی اسمبلی، صوبائی وزراء اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے کا یہ عظیم منصوبہ بانی موٹرویز میاں محمد نواز شریف کی قومی بصیرت اور سوچ کا عکاس ہے، انہی کے وژن کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں، اس موٹروے کا سنگ بنیاد خوش آئند ہے، 306 کلومیٹر طویل موٹروے پر 307 ارب روپے خرچ ہوں گے اور 30 ماہ میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد تک موٹروے کی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے، اس پر حادثات معمول بن گئے ہیں اور کراچی۔حیدرآباد موٹروے کے بغیر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا وژن مکمل نہیں ہوتا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اس منصوبہ کی فزیبلٹی پر کام شروع کرائیں اور وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود ہنگامی بنیاد پر اس منصوبہ پر کام کے آغاز کیلئے کوششیں کریں اور اس موٹروے کو بھی سکھر۔حیدرآباد موٹروے کی طرح پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیزی سے مکمل کیا جا سکتا ہے، دنیا کی ممتاز کمپنیاں اس میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں گی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ زمین کے حصول کیلئے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے حیدرآباد کیلئے ایک پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر عمل نہ ہو سکا تھا، وفاقی حکومت اس کیلئے ایک ارب روپے فراہم کرے گی، صوبائی حکومت بھی ایک ارب روپے دے، ماضی میں جو منصوبے تعطل کا شکار ہوئے ہیں وفاقی وزراء احسن اقبال ، اسعد محمود اور وزیراعلیٰ سندھ ان پر جلد کام شروع کرانے کیلئے آپس میں مشاورت کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے سندھ میں شدید تباہی ہوئی ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی متاثر ہوئے ہیں، جنوبی پنجاب کے دو اضلاع میں بھی سیلاب سے تباہی ہوئی ہے اور کروڑوں افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مسلح افواج نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی خدمت کی ہے اور وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے 25، 25 ہزار روپے شفاف طریقہ سے ہر خاندان میں تقسیم کئے ہیں، این ڈی ایم اے نے اس کے علاوہ کمبل، خیمے، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے، چاروں صوبائی حکومتوں نے بھی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اربوں روپے خرچ کئے ہیں اور وفاق اور صوبے اس مد میں 100 ارب روپے سے زائد خرچ کر چکے ہیں لیکن شدید سردی کے موسم میں سیلاب متاثرین کیلئے خیمے، کمبل، ادویات اور خوراک کی ضرورت ہے، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، چین، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان فراہم کیا ہے، فرانس نے ایک بڑا واٹر فلٹریشن پلانٹ سندھ میں دیا، سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے زائد ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اتحادی حکومت عوام کی مشکلات کم کرے گی، 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو گی جس میں ہم کشکول نہیں اپنا حق مانگنے جائیں گے، مشکلات اور چیلنجز بہت ہیں، سابق حکومت نے معاشی تباہی کی، وفاقی حکومت کو سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز چاہئیں، آئی ایم ایف کی بھی کڑی شرائط ہیں، عمران نیازی پورے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس نے اپنے دور میں کسانوں کو اس وقت کھاد نہیں دی جب بلیک ہو رہی ہے، چینی کی برآمد پر سبسڈی دے کر درآمد کر لی اور پھر گندم برآمد کرکے درآمد کی گئی، گیس جب 2 ڈالر پر مل رہی تھی تو نہیں لی گئی، عمران نیازی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا، اسے سیلاب متاثرین اور عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے، قوم کو اکسانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم باشعور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، مل کر کشتی کو منجدھار سے نکال کر کنارے لگائیں گے، پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ سکھر۔حیدرآباد موٹروے سے نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا اور کراچی سے دیگر شہروں تک سفر کا دورانیہ کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد کیلئے بھی متبادل موٹروے تعمیر ہونی چاہئے، حیدرآباد ایئرپورٹ کو فعال بنایا جانا چاہئے، اس سے علاقہ کے لوگوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے بعد ہی ستمبر، اکتوبر میں ملک میں انتخابات ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں سندھ کو نظر انداز کیا گیا، پی ٹی آئی سے نہ تو ہمیں کوئی امید تھی نہ ہم نے اس سے کچھ مانگا، سابق حکومت کوئی بھی منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے، سکھر۔حیدرآباد موٹروے کی تعمیر میں مقامی افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ سکھر۔حیدرآباد موٹروے کی تعمیر ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، اس کی تکمیل سے عوام کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی اور معاشی ترقی ہو گی۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حیدرآباد۔سکھر موٹروے ایم۔6 کا سنگ بنیاد رکھا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) خرم آغا نے منصوبہ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button