ائرفورس مقدمے کی آن لائن سماعت کے دوران یاسین ملک کا اس حوالے سےحکومت کو خط کے زریعے اطلاع دینے کا انکشاف۔
عینی شاہدین کے مطابق یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک گر چکی ہے۔
یاسین ملک کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی تمام تر ذمہ داری حکومت ہندوستان پر ہوگی۔
یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت اور غیرمنصفانہ عدالتی طرز عمل پر لبریشن فرنٹ کی طرف سے گہری تشویش کا اظہار۔
عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مداخلت کی اپیل۔ // مرکزی ترجمان لبریشن فرنٹ۔
قائد انقلاب و محبوس چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک نے حکومت ہندوستان سے جموں ٹاڈا کورٹ میں ان کے خلاف چلنے والے بتیس سالہ پرانے ایئرقورس اور روبعیہ سید جیسے بے بنیاد مقدمات کی منصفانہ عدالتی سماعت اور اپنی جسمانی پیشی ممکن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دوسری صورت میں تہاڑ جیل میں غیرمعینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کی دھمکی دی ہے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان اور یاسین ملک کے نمائندہ خصوصی محمد رفیق ڈار کی طرف سے سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ روز جموں ٹاڈا کورٹ میں ایئرفورس مقدمے کی شنوائی پر تہاڑ جیل سے آن لائن پیشی کے دوران محمد یاسین ملک نے منصفانہ عدالتی سماعت اور جموں کورٹ میں اپنی جسمانی حاضری کو ممکن بنانے پر ایک بار پھر جج سے استفسار کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے اس حوالے سے حکومت ہندوستان کو ایک خط کے زریعے مقدمات کی منصفانہ عدالتی سماعت اور جموں کورٹ میں انکی جسمانی حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عدالت میں اپنے مخالف گواہان کی وہ خود جرح کرکے اپنا دفاع کر سکے۔ ترجمان کے مطابق محمد یاسین ملک نے حکومت ہندوستان کو اپنے مراسلے میں باور کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اس صورت میں وہ تہاڑ جیل کے اندر ہی 22 جوہائی سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے۔
ترجمان کے بیان کے مطابق یاد رہے حکومت ہندوستان کی ایماء پر دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے امسال 25 مئی کو غیرمنصفانہ سماعت کے زریعے فرضی اور من گھڑت مقدمات کی آڑ میں انہیں عمر قید کی سزا سنائی جس کے خلاف نہ صرف سیزفائرلائن کے دونوں جانب سے ریاست بھر کی عوام سراپا احتجاج ہے بلکہ دنیا بھر میں موجود انسانی حقوق کے اداروں اور علمبرداروں نے بھی اپنی آواز بلند کی جس کی گونج آج برطانیہ اور یورپ سمیت عالمی اداروں میں سنائی دی جارہی ہے۔ ترجمان نے ان تمام انجمنوں، شخصیات اور جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جو آج بھی یاسین ملک کو انصاف کی فراہمی اور رہائی کے لئے ہر ممکن تغ و دو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
محبوس قائد انقلاب محمد یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک گرنے پر ترجمان نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی تمام تر ذمہ داری حکومت ہندوستان پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے مطالبات حق و انصاف پر مبنی ہے جنہیں بھارت کو فی الفور تسلیم کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہونا چاہئے۔ترجمان نے اپنے بیان میں اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور علمبرداروں سے اپیل کہ وہ اس موقع پر مداخلت کرکے یاسین ملک جیسے ہر دلعزیز عوامی رہنما کی زندگی بچانے کے لئے اپنا جاندار کردار ادا کریں۔ترجمان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے اعلی و با اختیار ادارے یعنی سپریم کونسل کے 16 جولائی بروز ھفتہ کو طلب کردہ اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ اس پر بھی لائحہ عمل مرتب دیا جائے گا۔
منجانب: شعبہ نشرواشاعت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ
0 0 2 minutes read