اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اورسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاست میں جب سے آیا تب سے جان کو خطرہ ہے اور اب مرنے کے خوف پر قابو پالیا، حملے کے بعد دوبارہ سے لانگ مارچ جوائن کرنے کیلئے بیتاب ہوں۔برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے کیونکہ چوروں کا ٹولہ ہم پر مسلط کیا گیا، ملک میں ناانصافی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، راولپنڈی اپنی قوم کیلئے جا رہا ہوں اور جلسے کا مقصد صرف اور صرف پیغام دینا ہوتاہے کہ قوم جاگ گئی ہے اور اسے اب آزاد کیا جائے۔
عمران خا ن کا کہنا تھا کہ میری بیوی کو مجھ پر حملے کا ٹی وی سے پتا چلا تھا،بیوی کو لگا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، انھیں اندازہ نہیں تھا کہ مجھے 3 گولیاں لگی ہیں، قاتلانہ حملے میں بچنا بہت مشکل تھا، خوش قسمتی سے بچ گیا ہوں، قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے اب بھی طاقتور عہدوں پر ہیں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزیر آباد میں فائرنگ مجھ پر پہلا قاتلانہ حملہ نہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران میرے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، پائلٹس نے مجھے بتایا ہیلی کاپٹر کے فیول میں گڑ بڑ کی گئی تھی۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ فوری انتخابات کا انعقاد نہیں ہوتا تو مجھے فرق نہیں پڑتا، ہماری مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک بھی میرا اور فوج بھی میری ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ رجیم چینج سازش کی وجہ سے میں امریکا سے تعلقات نہیں توڑ سکتا، امریکا اور پاکستان کے تعلقات ہمارے لئے بہت زیادہ اہم ہیں۔
0 0 1 minute read