نیویارک: امریکا میں مسافر بردار چھوٹا طیارہ ایک گھر پر گر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ گھر میں آتشزدگی کے باعث 2 مکین ہلاک اور ایک زخمی ہوگئے۔
بین الااقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ پائلٹ اور 2 مسافروں کو لے کر محو پرواز تھا کہ انجن میں خرابی کے باعث نیویارک کے ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں سوار ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
طیارہ جس گھر پر گرا وہاں آگ بھڑک اُٹھی جس میں جھلس کر 2 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شدید زخمی ہے، مجموعی طور پر اس حادثے میں 3 ہلاک اور 3 زخمی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی محنت کے بعد گھر میں لگی آگ پر قابو پالیا جس کے بعد ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جہاز کے ملبے کو اُٹھایا اور لاشیں نکال لیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔