اسلام آباد : پاکستان نے گلگت بلتستان پر بھارت کا بیان مسترد کردیا اور کہا بھارت کے پاس گلگت بلتستان سے متعلق کوئی قانونی، اخلاقی یا تاریخی جواز نہیں۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے گلگت بلتستان سےمتعلق بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا بھارت کے پاس گلگت بلتستان سے متعلق کوئی قانونی، اخلاقی یا تاریخی جواز نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تہترسال سے بھارت جموں وکشمیرپرغیرقانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے، بھارتی بےبنیاد دعوے اصل صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارت یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کرعالمی ذمہ داری پوری کرے، سیاسی ،انتظامی اور معاشی اصلاحات گلگت بلتستان کےعوام کا دیرینہ مطالبہ ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے پلوامہ حملےکےحوالےسے بھارتی وزیراعظم کے بیان کومسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت پلوامہ حملے میں پاکستان کےملوث ہونےکےشواہد فراہم کرنےمیں ناکام رہا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ایک وفاقی وزیر کے بیان کو نیا موڑ دینے کی کوشش ہے، پاکستانی وزیر نے ریفرنس کے طور پر بات کی تھی، 26فروری 2019 کوپاکستان فوج کے دیئےجانیوالےردعمل کا حوالہ دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان مخالف انتخابی مہم کےبعد لوک سبھاالیکشن میں بی جے پی کوفتح ملی، بی جے پی حکومت پاکستان کوبھارت کی مقامی سیاست میں گھسیٹنا بندکرے، بی جے پی قیادت پاکستان مخالف جذبات کی بجائے کارکردگی دکھاکرعوام کی حمایت حاصل کرے۔